اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ کھیلوں کے ایونٹ کا بنیادی مقصد باہمی محبت، بھائی چارہ اور سپورٹس مین سپرٹ ہوتا ہے، چاروں صوبے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر ایک گلدستہ ہیں، ملک بھر سے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ساؤتھ ایشین گیمز میں 32گولڈ میڈلز جیتنا کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے، مستقبل میں بھی ہمارے ایتھلیٹس بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کریں گے، آئندہ ساؤتھ ایشین گیمز پاکستان میں ہوں گے جس کیلئے تیاریاں کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس بوائز گالا میں کھیلوں کے مقابلے مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پاکستان سپورٹس بورڈ کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران اور چیئرمین انٹر بورڈ سپورٹس کمیٹی اور بلوچستان تعلیمی بورڈ پروفیسر محمد یوسف بلوچ کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ زمانہ طالب علمی سے میں کھیلوں سے گہری رغبت رکھتا ہوں اسلئے کھیلوں کی اہمیت کا مجھ سے زیادہ احساس کس کو ہو سکتا ہے۔ سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین درانی نے کہا کہ حال ہی میں نیپال میں منعقدہ ساؤتھ ایشین گیمز میں شریک تھا جہاں سات ممالک کے ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر ایک گلدستہ ہیں، جس قوم کے پاس اتنی یوتھ ہو وہ کوئی بھی کارنامہ سر انجام دے سکتی ہے۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ دنیا ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے خوفزدہ ہے۔ اکبر حسین درانی نے کہا کہ آئندہ سائوتھ ایشین گیمز پاکستان میں منعقد ہوں گے جس کیلئے بھرپور تیاریاں جاری ہیں، گیمز میں 7 ممالک کے ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔ سیکرٹری اطلاعات نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائے اور کہا کہ پاکستان زندہ باد کے نعرے مقبوضہ کشمیر تک پہنچنے چاہییں۔ بوائز کے مقابلوں میں ہاکی ،اتھلیٹکس ،فٹ بال ،بیڈمنٹن اورٹیبل ٹینس شامل ہیں ہاکی کے ایونٹ میں لاہور بورڈ ، سوات اوراسلام آباد نے اپنے اپنے میچزجیت لئے۔ پہلے میچ میں لاہور نے مردان بورڈ کو 1۔ 3 گول سے شکست دی۔لاہور کی طرف سے افراہیم نے ہیٹر ک گول کیا جبکہ مردان کی طرف سے واحد گول زکریا نے کیا دوسرے میچ میں سوات نے انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کو 0۔ 2 سے شکست دی۔سوات کی طرف سے عبّاس احمد نے دو گول کئے۔تیسرے میچ میں اسلام آباد نے کوہاٹ کو 0۔ 5 سے شکست دی۔ اسلام آباد کی طرف سے ذولقرنین نے دو گول جبکہ عامر فاروق ،بادل میر اور توصیف نے ایک ایک گول کیا۔بیڈمنٹن کے مقابلوں میں لاہور مالاکنڈ ،لاڑکانہ، فیصل آباد، میرپور آزاد کشمیر اور ملتان نے اپنے اپنے میچز جیت لئے پہلے میچ میں لاہور بورڈ نے سکھر کو 0۔ 2 سے شکست ، دوسرے میچ میں مالاکنڈ نے کوہاٹ کو 1۔ 2، تیسرے میچ میں لاڑکانہ نے کوئٹہ کو 0۔ 2 ، چوتھے میچ میں فیصل آباد نے ڈیرہ غازی خان کو 0۔ 2 سے شکست دی پانچویں میچ میں ملتان نے سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ کراچی کو 0۔ 2 سے شکست دی فٹ بال کے میچ میں اسلام آباد بورڈ نے کوئٹہ بورڈ کو پینلٹی کک سے 4۔ 5 سے شکست دے دی۔ اتھلیٹکس کے 1500 میٹر دوڑ میں سرگودھا بورڈ کے محمّد اختر نے پہلی پوزیشن، اسلام آباد بورڈ کے محمّد قاسم نے دوسری پوزیشن جبکہ گوجرانوالہ کے آفتاب حسین نے تیسری پوزیشن لی۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here