رگبی ورلڈ کپ، سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظر پول بی اور سی کے میچز منسوخ

ٹوکیو ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) جاپان میں جاری نویں رگبی ورلڈ کپ 2019ء میں ہفتہ کو تین میچوں کا فیصلہ ہونا تھا تاہم سمندری طوفان ہیگی بس کے خطرے کے پیش نظر میگا ایونٹ کے پول بی اور پول سی کے میچز منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ رگبی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، میگا ایونٹ میں ہفتہ کو پول بی میں دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کا مقابلہ اٹلی سے ہونا تھا اور پول سی کا میچ انگلینڈ اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانا تھا جبکہ میگا ایونٹ میں ہفتہ کو شیڈول تیسرے میچ کو برقرار رکھا گیا ہے جس میں پول اے کی ٹیمیں آئرلینڈ اور ساموا آمنے سامنے ہوںگی۔ واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ، انگلینڈ، فرانس اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ عالمی کپ میں دنیا کی بہترین 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، جاپان، روس، ساموا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، اٹلی، نمیبیا، کینیڈا، انگلینڈ، فرانس، ارجنٹائن، امریکا، ٹونگا، آسٹریلیا، ویلز، جارجیا، فجی اور یوروگوئے شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے۔ میگا ایونٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ 19 اکتوبر کو شروع ہوگا، پہلا سیمی فائنل میچ 26 اکتوبر جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 27 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk