لاہور۔یکم فروری(اے پی پی) قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، آف سپنر بلال آصف کی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے،بلال آصف نے قائداعظم ٹرافی کے 9 میچوں میں 43 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ سلیکشن کمیٹی نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو بھی سکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، فہیم اشرف نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں ناردرن کے خلاف 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی،سری لنکا کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل دو کرکٹرز کاشف بھٹی اور عثمان شنواری کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شامل نہیں کیا گیا تاہم دونوں کھلاڑی طویل طرز کی کرکٹ میں مستقبل کی حکمت عملی کا حصہ رہیں گے،سلیکشن کمیٹی نے دونوں کھلاڑیوں کو ٹریننگ اور پریکٹس جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے،کاشف بھٹی سری لنکا کیخلاف سیریز میں کوئی میچ نہیں کھیل سکے جبکہ عثمان شنواری نے راولپنڈی ٹیسٹ میں 54 رنز کے عوض 1 وکٹ حاصل کی تھی،قومی اسکواڈ میںاظہر علی، سنٹرل پنجاب (کپتان)، عابد علی (سندھ)، اسد شفیق (سندھ)، بابراعظم (سنٹرل پنجاب)، بلال آصف (سنٹرل پنجاب)، فہیم اشرف (سنٹرل پنجاب)، فواد عالم (سندھ)، حارث سہیل (بلوچستان)، امام الحق (بلوچستان)، عمران خان سینئر (خیبرپختونخوا)، محمد عباس (سدرن پنجاب)، محمد رضوان (خیبرپختونخوا)، نسیم شاہ (سنٹرل پنجاب)، شاہین شاہ آفریدی (ناردرن)، شان مسعود (سدرن پنجاب) اور یاسر شاہ (بلوچستان) شامل ہیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment