دو ہزار بیس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی ہدف ہے، شعیب ملک

اسلام آباد ۔18مئی (اے پی پی)قومی ٹیم کے سٹار آل راﺅنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ میرے کیریئر کا آخری بڑا ون ڈے ٹورنامنٹ ہو گا تاہم 2020ءمیں آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں ملک کی نمائندگی ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے میں اپنی کارکردگی میں تسلسل پیدا کرنے اور فٹنس کو برقرار رکھنے کیلئے سخت محنت کروں گا۔ ملک نے 1999ءمیں انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 19 سالہ کیریئر کے دوران انہیں 35 ٹیسٹ، 252 ون ڈے اور 89 ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا، انہیں پاکستان کی جانب سے زیادہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑنے کیلئے مزید تین میچز میں شرکت کی ضرورت ہے، شعیب ملک کا شمار پاکستان کے سٹار آل راﺅنڈرز میں کیا جاتا ہے اور انہوں نے متعدد بار اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk