جونی بیئرسٹو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں مسلسل تین سنچریاں بنانے والے پہلے انگلش کھلاڑی بن گئے، انگلینڈ کی طرف سے تیسری تیزترین سنچری بنانے کا اعزاز بھی پا لیا

ایڈن برگ۔ 10 جون (اے پی پی) جونی بیئرسٹو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں مسلسل تین سنچریاں بنانے والے انگلینڈ کے پہلے اور مشترکہ طور پر دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے، انہوں نے گزشتہ روز آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے واحد ون ڈے میچ میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کر کے یہ سنگ میل عبور کیا، وہ 105 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، انہوں نے 54 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے سنچری بنا کر انگلینڈ کی طرف سے تیسری تیزترین سنچری کا اعزاز بھی حاصل کیا، یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی پانچویں سنچری ہے، وہ مسلسل تین ون ڈے سنچریاں بنا کر ظہیر عباس، سعید انور، ہرشل گبز، اے بی ڈی ویلیئرز، کوئنٹن ڈی کوک، روز ٹیلر اور بابراعظم کے ہم پلہ ہو گئے ہیں، ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں مسلسل زیادہ سنچریاں بنانے کا عالمی اعزاز سابق سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا کو حاصل ہے جنہوں نے مسلسل چار ون ڈے سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk