جنوبی افریقہ کا دورہ مشکل تھا، ٹیم مینجمنٹ کی سپورٹ سے دورہ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا،امام الحق

لاہور ۔ یکم فروری (اے پی پی ) جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کا دورہ مشکل تھا، وہاں کی کنڈیشنز پر کارکردگی دینا آسان نہیں تھا تاہم ٹیم مینجمنٹ کی سپورٹ کی وجہ سے بیٹنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مستقبل میں ابھی بہتر کارکردگی دے کر ملک کا نام روشن کرنے کی کوشش کروں گا۔ جنوبی افریقہ سے وطن واپسی پر لاہور ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں تنقید سے نہیں گھبراتا بلکہ تنقید کرنے والوں کو جواب اپنی بہتر کارکردگی سے دیتا ہوں۔ امام الحق کا کہنا تھا کہ سنچری بنانے کے بعد ٹینشن میں کچھ اشارے ہوئے، کبھی کبھی ایسا ہو جاتا ہے لیکن ان کا کوئی غلط مطلب نہیں تھا، سب میرے لئے محترم ہیں اور سب کی عزت کرتا ہوں۔ میرا کام میدان میں بیٹ کے ذریعے پرفارم کرنا ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk