جنوبی افریقہ اور پاکستان کی ٹیمیں دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں (کل)آمنے سامنے ہوں گی

جوہانسبرگ۔02 فروری(اے پی پی) جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (کل) اتوار کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، میزبان پروٹیز کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، جنوبی افریقہ نے گرین شرٹس کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دی تھی۔ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں فتح کے بعد جنوبی افریقن کھلاڑی دوسرا میچ جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلئے پر عزم ہیں تاہم دوسری جانب پاکستانی ٹیم بھی سیریز میں جاندار کم بیک کیلئے پر جوش دکھائی دے رہی ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk