تمیم اور شکیب الحسن کی شاندار نصف سنچریاں، بنگلہ دیش نے کالی آندھی کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 12 رنز سے ہرا دیا

لاڈرہل۔05 اگست(اے پی پی) تمیم اقبال اور شکیب الحسن کی شاندار بلے بازی، مستفیض الرحمان اور نظم الاسلام کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 12 رنز سے ہرا دیا، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی، بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 171 رنز بنائے، تمیم اقبال نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، شکیب الحسن 60 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں کالی آندھی کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا سکی، آندرے فلیچر اور روومان پاویل 43، 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، مستفیض الرحمان اور نظم الاسلام نے 3، 3 اور شکیب الحسن نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، تمیم اقبال میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk