دبئی ۔ 10اگست (اے پی پی) بھارت کی کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ کے مطابق پہلے نمبر پر بدستور قائم ہے، آسٹریلوی ٹیم دوسرے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے اور اب انگلینڈ ٹیم کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ آسٹریلیا سے دوسری پوزیشن چھین سکتی ہے، انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابھی دو میچز کھلینے ہیں اور انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کی ٹیم سے ایک بھی میچ جیت گئی تو وہ میچ کے ساتھ سیریز بھی جیت جائے گی اور یوں اس کامیابی کے بعد انگلش ٹیم کینگروز سے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن چھین سکتی ہے۔ پاکستان کی ٹیم رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کورونا وائرس سے قبل مارچ کے مہینے میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ناقابل شکست ٹیم بھارت کو دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کیا تھا یوں کیویز ٹیم ٹیبل پر انلگینڈ کے بعد چوتھے نمبر پر ہے ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ کے مطابق بھارتی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم دوسری پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز سے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز 2-1 سے جیت کر نیوزی لینڈ کو تیسرے پوزیشن سے محروم کر دیا تھا اور اب پاکستان سے پہلا ٹیسٹ جیت کر اس نے اپنی تیسری پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا ہے ۔ بھارتی ٹیم سات ٹیسٹ میچز میں کامیابی کی بدولت 360 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ بھارت نے گزشتہ سال اگست اور ستمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سویپ کیا۔ اکتوبر میں جنوبی افریقہ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کو دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں شکست دیکر مسلسل سات فتوحات حاصل کی تھیں تاہم رواں سال مارچ کے مہینے میں اس کو کیویز بھارتی ٹیم کی مسلسل فتوحات کے تسلسل کو بھی توڑ دیا تھا تاہم اس کے باوجود بھی بھارت کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 360 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ آسٹریلوی ٹیم اب تک 10 میچز کھیل چکی ہے اور اس نے 7 میچز جیتے، دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا، یوں آسٹریلوی ٹیم ٹیبل پر 296 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے اب تک 13 میچز کھیلے ہیں جن میں 8 جیتے، 4 ہارے اور ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ انگلش ٹیم 266 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ کیویز ٹیم اب تک 7 میچز کھیل چکی ہے جس میں اس کو تین میچوں میں فتح حاصل ہوئی جبکہ چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ کیوی ٹیم 180 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان کی ٹیم 140 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر برقرار ہے ۔ سری لنکن ٹیم 80 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے ۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم گزشتہ ماہ تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ شکست دینے کے بعد ایک درجہ ترقی کے بعد آٹھوں سے ساتویں نمبر پر پہنچی تھی اور وہ 40 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 24 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم تین ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہے۔ بنگال ٹائیگرز تحال کوئی میچ نہیں جیت سکے اور وہ نویں نمبر پر ہیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply