بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ (کل)شروع ہو گا

چٹاگانگ ۔ 20 نومبر (اے پی پی) بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) جمعرات سے چٹاگانگ میں شروع ہو گا، مہمان ویسٹ انڈین ٹیم سیریز کھیلنے کیلئے بنگلہ دیش پہنچ چکی ہے اور وہ دورے کے دوران دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی، کالی آندھی کو کپتان جیسن ہولڈر کی خدمات حاصل نہیں ہیں، ہولڈر کندھے کی انجری میں مبتلا ہیں اور ان دنوں بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ کالی آندھی کو دورہ بھارت کے دوران عبرتناک شکستوں کے بعد اب بنگال ٹائیگرز کا چیلنج درپیش ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ 30 نومبر سے 4 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

Reference: http://urdu.app.com.pk