برمنگھم ۔ 26 جون (اے پی پی) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اہم میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، اس فتح کے ساتھ ہی گرین شرٹس کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں مزید روشن ہو گئیں، نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 237 رنز بنائے، عامر اور شاہین نے عمدہ لائن و لینتھ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 83 کے سکور پر آدھی ٹیم پویلین بھیج دی، اس موقع پر نیشم اور گرینڈ ہوم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ میں132 قیمتی رنز جوڑکر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، نیشم 97 اور گرینڈ ہوم 64 رنز بنا کر نمایاں رہے، شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں لیں۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 4 وکٹوں پر حاصل کیا، بابر اعظم اور حارث نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 126 جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، حارث 68 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے لیکن بابر ڈٹے رہے، انہوں نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کیویز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، کپتان سرفراز احمد نے وننگ چوکا لگایا، بابر اعظم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here