برمنگھم ۔ 25 جون (اے پی پی) سٹار پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں کیریئر کے 3 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے مزید 29 رنز درکار ہیں، اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ وہ بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ورلڈ کپ میچ میں 3 ہزار رنز کے ہندسے کو عبور کر لیں گے، اگر بابر کامیاب ہوئے تو وہ 3 ہزار ون ڈے انٹرنیشنل رنز مکمل کرنے والے 20ویں پاکستانی بلے باز بن جائیں گے، بابر نے اب تک 69 میچز میں 9 شاندار سنچریوں اور 14 نصف سنچریوں کی مدد سے 2971 رنز بنا رکھے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بابر اعظم کے پاس تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کر کے دنیا کے دوسرے بلے باز بننے کا بھی سنہری موقع ہے۔ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی اعزاز جنوبی افریقن بلے باز ہاشم آملہ کو حاصل ہے جنہوں نے 57 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here