کراچی۔ 30 ستمبر (اے پی پی) پاکستان نے مہمان ٹیم سری لنکا کونیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 67 رنز سے شکست دے دی۔ بابراعظم کی سنچری اور عثمان شنواری کی 5وکٹوں نے پاکستان کو کامیابی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مہمان سری لنکن کرکٹ ٹیم کی یہ اخلاقی فاتح تھی کہ ان کی وجہ سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوئی۔پاکستان کے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم 105 گیندوں پر 115رنز بناکر کمارا کی بال پر ڈیسلوا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگ میں 8چوکے اور 4چھکے لگائے۔ مین آف دی میچ عثمان شنواری نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔سری لنکا کے ابتدائی بیٹسمین پاکستانی بولرز کا سامنے کرنے میں ناکام رہے اور صرف 28 رنز پر 5کھلاڑی آﺅٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے تاہم اس موقع پر جے سوریا اور دشاناکا نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا اور جب اسکور 205 رنز پہنچا تو جے سوریا انفرادی اسکور 96 رنز بناکر عثمان شنواری کی بال پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے ۔ ان دونوں کے درمیان 177 رنز کی قیمت شراکت ہوئی۔ جس کے فوراً بعد ڈیسن شاناکا بھی 80 گیندوں پر 68 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 238 رنز بناکر آﺅٹ ہوئی ۔ پاکستان نے اس میچ میں 67 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ قبل ازیں پاکستان نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کے فیصلہ کیا ۔ تقریباً دس سال بعد پاکستان میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو فیلڈنگ کرنے کی دعوت دی۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here