ایف آئی ایچ ایگزیکٹو بورڈ کا رکن منتخب ہونا باعث اعزاز ہے، ملک میں بین الاقوامی مقابلوں کی بحالی اولین ترجیح ہوگی، شہباز سینئر

اسلام آباد ۔ 5 نومبر (اے پی پی) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) ایگزیکٹو بورڈ کا رکن منتخب ہونا نہ صرف میرے لئے بلکہ پورے ملک کےلئے اعزاز کی بات ہے، ملک میں بین الاقوامی مقابلوں کی بحالی اولین ترجیح ہو گی، کوشش ہوگی کہ پاکستان ہاکی لیگ کا انعقاد آئندہ دو ماہ تک ہو جائے، لیگ میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا۔ پیر کو ”اے پی پی “ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی جانب سے ایگزیکٹو بورڈ کے رکن منتخب کرنا نہ صرف ان کےلئے بلکہ پورے ملک کےلئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ بطور ایگزیکٹو بورڈ ممبر پاکستان میں ہاکی کے فروغ اور بہتری کےلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہاکی کےلئے جتنا ہو سکے بطور ایگزیکٹو ممبر بھر پور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے منتخب ہونے سے پاکستان ہاکی کو بھرپور فوائد بھی ملیں گے اور کوشش ہو گی کہ سب سے پہلے پاکستان ہاکی لیگ کو آئندہ دو ماہ تک انعقاد کرسکوں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk