اکیسویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں (آج) دو پری کوارٹر فائنلز میچز کے فیصلے ہوں گے

ماسکو۔ 2 جولائی (اے پی پی) اکیسویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں (آج) منگل کو آخری دو پری کوارٹر فائنلز میچز کے فیصلے ہوں گے۔ اس سلسلے میں کھیلے جانے والے آج کے پہلے پری کوارٹر فائنل میچ میں سویڈن کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ سے ہوگا جبکہ دوسرے اور میگا ایونٹ کے آخری پری کوارٹر فائنل میچ میں انگلینڈ اور کولمبیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ روس میں رواں میگا ایونٹ میں ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کیلئے زبردست جنگ جاری ہے، دفاعی چیمپئن جرمنی کے بعد لائنل میسی کی ارجنٹائن اور کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال اور سپین کی ٹیمیں بھی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں، آج منگل کو پہلے پری کوارٹر فائنل میں سویڈن کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ اور دوسرے پری کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ کولمبیا سے ہو گا۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ 6 جولائی سے شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ کا پہلا کوارٹر فائنل میچ یوراگوئے اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk