ٹوکیو ۔ 27 ستمبر (اے پی پی) اٹلی اور انگلینڈ کی ٹیمیں نویں رگبی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں۔ تفصیلات کے مطابق رگبی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاپان میں اپنے عروج کو پہنچ چکا ہے۔ میگا ایونٹ میں جمعہ کو آرام کا دن تھا اور اب تک کھیلے گئے میچز کے بعد اٹلی اور انگلینڈ کی ٹیموں نے اپنے پولز میں ٹاپ پوزیشنز حاصل کر رکھی ہیں۔ اٹلی کی ٹیم نے اپنے پول بی میں اب تک دو میچز کھیلے ہیں اور دونوں میچز جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ اسی طرح انگلینڈ کی ٹیم بھی دو میچز کھیل چکی ہے اور دونوں میچز جیتنے کے بعد وہ اپنے پول سی میں 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر قابض ہے۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا ناک آئوٹ مرحلہ 19 اکتوبر سے شروع ہوگا اور دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here