لندن ۔ 3 اگست (اے پی پی) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کے لئے 14 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 5 اگست سے امارات اولڈ ٹریفور، مانچسٹر میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ ٹیم کی قیادت جو روٹ کرینگے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں فتح حاصل کرنے والی انگش ٹیم کے سپنر ڈومینک بیس کو ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔ انگلینڈ کے 14 رکنی ٹیسٹ سکواڈ میں جو روٹ ٹیم کی قیادت کرینگے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بین سٹوکس، کرس ووکس، مارک ووڈ، جیمز اینڈرسن، جوفرا آرچر، ڈومینک بیس، سٹورٹ براڈ، روری برنز، جوس بٹلر، زیک کرولے، ثام کیرن، اولی پوپ اور ڈوم سیبلے شامل ہیں۔ جو ڈینلے کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ٹیم سے خارج کر دیا گیا تھا اور انکو پاکستان کے خلاف سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ گلوسٹر شائر کے جیمز بریسی اور ایسیکس کے ڈین لارنس کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سرے کے بین فوکس کو ریزرو فہرست میں بیک اپ وکٹ کیپر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ ریزرو کھلاڑیوں میں جیمز بریسی، بین فوکس، جیک لیچ اور ڈین لارنس شامل ہیں۔ پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل انگلینڈ کی ٹیم امارات اولڈ ٹریفورڈ پہنچ چکی ہے ۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply