انگلینڈ کا سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان، سٹوکس اور ہیلز چارج کے باوجود شامل، اولی سٹون کی پہلی بار طلبی، کیورن برادران بھی جگہ بنانے میں کامیاب

لندن۔ 19ستمبر (اے پی پی) انگلینڈ نے آئندہ ماہ شیڈول دورہ سری لنکا کیلئے 16 رکنی ون ڈے سکواڈ کا اعلان کر دیا، بین سٹوکس اور ایلکس ہیلز چارج کے باوجود ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، ای سی بی نے گزشتہ برس برسٹول نائٹ کلب کے باہر جھگڑے میں ملوث ہونے پر دونوں کھلاڑیوں پر کھیل کو تنازع کا شکار بنانے کا چارج عائد کیا تھا، واروکشائر فاسٹ باﺅلر اولی سٹون پہلی مرتبہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، کیورن برادران کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، امکان ہے کہ دونوں کو ایک ساتھ میچ کھیلنے کا موقع ملے گا، اگر ایسا ہوا تو یہ 19 برسوں بعد پہلا موقع ہو گا کہ انگلینڈ کی طرف سے دو بھائیوں کو ایک ساتھ میچ کھیلنے کا موقع ملا ہو، آخری بار 1999ءمیں ایڈم اور بین ہولیوک نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk