کوالالمپور ۔ 17 دسمبر (اے پی پی) انگلینڈ ویمن نے پہلے بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں پاکستان کی خواتین ٹیم کو 29 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، ایمی جونز کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان کی 60 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، انکے علاوہ کوئی بھی پاکستان کی کھلاڑی انگلش باﺅلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکیں، 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں، پاکستان کی ٹیم 155 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین ٹیموںکے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کے ابتدائی میچ میں دو کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا، کوالالمپور میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر154 رنز بناکر پاکستان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 155 رنز کا ہدف دیا۔ وکٹ کیپر بلے باز ایمی ایلن جونز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 چوکوں کی مدد سے 53، نتالی سیور ناقابل شکست 34 اور ٹامی بیومونٹ 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔ پاکستان ویمن کی طرف سے ندا ڈار نے دو جبکہ انعم امین اورا پنے ٹی ٹونٹی کیریئر کا پہلے میچ کھیلنے والی سیدہ عروب شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ جواب پاکستان کی خواتین ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 18.4 اوورز میں 125 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، کپتان بسمہ معروف 60 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں، سدرہ نواز نے 22 اور عمائمہ سہیل نے 21 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی انگلش باﺅلرز کا جم کر سامنا نہ کرسکیں، انگلش باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کے باعث پاکستان کی 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں اور یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتی چلی گئیں۔ انگلینڈ کی طرف سے سوفی اسلیسٹون نے تین، فریا ڈیوس اور نتالی سیور نے دو، دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ انگلینڈ کی ایمی جونز کو میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here