انتظار کی گھڑیاں ختم، اکیسویں ورلڈ کپ 2018ءکی افتتاحی تقریب (کل) شایان شان طریقے سے ہوگی

ماسکو ۔ 13 جون (اے پی پی) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام اکیسواں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2018 ءکا آغاز (کل) جمعرات کو روس میں شاندار تقریب سے ہوگا، میزبان روسی شہروں کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو فیفا فین کارڈ جاری کر دیا گیا، انتظار کی گھڑیاں ختم، سینکڑوں فن کار اپنے فن سے تقریب کو یادگار بنائیں گے، سیاحوں کے لئے خصوصی میٹرو ٹرینیں چلادی گئیں، ٹکٹ کے حصول کے لئے مقامی شائقین کی لمبی لائنیں لگ گئیں، روسی درالحکومت ماسکو میں ورلڈ کپ کی یاد میں میوزیم قائم کردیا گیا جہاں ٹرافیاں، تاریخ، فٹ بالز، مشہور فٹ بالرز کی شرٹس اور شوز نمائش کے لئے پیش کئے گئے ہیں، دنیا بھر کی نظریں اپنے فیورٹ سٹارز اور ٹیموں پر لگی ہوئی ہیں، درجہ بندی میں عالمی نمبر دو اور پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل کو اس بار بھی فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، ورلڈکپ کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران خصوصی پابندیاں عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنادیں گی جبکہ میدانوں کے آس پاس شراب کی فروخت ممنوع قرار دے دی گئی، کسی بھی شہر میں شائقین کےلئے مختص علاقوں میں میچ سے ایک روز قبل ہی نہ صرف شراب بلکہ شیشے کی بوتل میں کسی بھی مشروب کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، پولیس کسی بھی ملکی یا غیر ملکی کو نشے کی حالت میں پائے جانے پر پکڑ کر خصوصی سیل میں رکھنے کی مجاز ہوگی۔ ورلڈ کپ کے دوران 41 مقامات سے پروازوں کی آمدورفت بھی معطل رہے گی۔

Reference: http://urdu.app.com.pk