امام الحق نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے دوسرے کرکٹرز بننے کا اعزاز حاصل کرلیا

لاہور۔25 جنوری(اے پی پی )قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر امام الحق نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے دوسرے کرکٹرز بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین ہزار رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ پاکستان کے فخر زمان کے پاس ہے جو انہوں نے 18 اننگز میں بنایا۔اس کے علاوہ بابر اعظم، ویون رچرڈز، کیون پیٹرسن، کوئنٹن ڈی کوک اور جوناتھن ٹروٹ 21 اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کر کے تیسرے نمبر پر ہیں۔امام الحق نے جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں اپنے کیرئیر کی 19 ویں اننگز میں ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا انہوں نے اسی میچ میں اپنے کیرئیر کی پانچویں سنچری بھی اسکور کی اور وہ 101 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk