احمد شہزاد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں شاہد آفریدی کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا

ایڈن برگ ۔ 13 جون (اے پی پی) احمد شہزاد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے چوتھے پاکستانی بلے باز بن گئے، انہوں نے گزشتہ روز سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 14 رنز کی اننگز کھیل کر سابق ہم وطن کرکٹر شاہد خان آفریدی کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا، آفریدی نے 1416 رنز بنا رکھے تھے جبکہ شہزاد نے 1430 رنز بنا لئے ہیں، پاکستان کی جانب سے شعیب ملک 1940 رنز بنا کر سرفہرست ہیں، عمر کمل 1690 رنز بنا کر دوسرے اور محمد حفیظ 1658 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل کو حاصل ہے جنہوں نے 2271 رنز بنا رکھے ہیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk