احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

لاہور ۔ 4 ستمبر (اے پی پی) احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے نئے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ احسان مانی آئندہ تین سال تک کےلئے خدمات سرانجام دیں گے۔ بورڈ کے ہیڈکوارٹرز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے الیکشن میں وزیراعظم کے نامزد کردہ رکن کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔ پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر اور ڈپٹی الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کی زیرنگرانی مکمل ہونے والی اس کارروائی میں گورننگ بورڈ ارکان شریک ہوئے۔ ان میں وزیراعظم اور پی سی بی کے پیٹرن انچیف عمران خان کے نامزد 2 ممبرز احسان مانی اور اسد علی خان، لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید ضیاء(چیئرمین ایس ایس جی سی)، ایاز بٹ (ڈائریکٹر سپورٹس کے آر ایل)، لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین (چیئرمین واپڈا)، ڈاکٹر نجیب صائم (ڈائریکٹر ایچ بی ایل)، مراد اسماعیل (صدر کوئٹہ ریجن)، شاہ ریز عبداللہ خان (صدرلاہور ریجن)، کبیر احمد خان (صدر فاٹا ریجن) نمائندہ کے طور پر شامل تھے۔ ایڈہاک کی وجہ سے سیالکوٹ ریجن گورننگ بورڈ اجلاس کا حصہ نہیں بن سکا۔ سیکرٹری وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ کیپٹن (ر) جہانزیب خان بطور مبصر شریک ہوئے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk