میلبورن ۔ 24 جنوری (اے پی پی) امریکہ کی نامور ٹینس سٹار اور سات مرتبہ کی آسٹریلین اوپن چیمپئن سرینا ولیمز پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے تیسرے رائونڈ میں شکست کے بعد باہر ہوگئیں۔ انکو میگا ایونٹ کے تیسرے رائونڈ میں چینی ٹینس کھلاڑی وانگ کیانگ نے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ جمعہ کو آسٹریلیا میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز کے تیسرے رائونڈ میں چین کی 27 سیڈڈ وانگ کیانگ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 7 مرتبہ کی آسٹریلین اوپن چیمپئن اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز کو 6-4، 6-7(2-7) اور 7-5 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ وانگ کیانگ نے سرینا ولیمز کو 44 منٹ میں شکست دیکر میگا ایونٹ سے باہر کر دیا۔ اس سے قبل سرینا ولیمز 2006 میں آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے رائونڈ میں سلواکیہ کی ڈینیلا ہینچووا کے ہاتھوں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں تھیں۔ سرینا ولیمز 2017 کے بعد آسٹریلین اوپن نہیں جیت سکیں ہیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply