آسٹریلین اوپن ٹینس، رافیل نڈال، راجر فیڈرر، مارین کلک، فرنینڈو ورڈاسکو اور باٹیسٹا مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے

میلبورن ۔ 16 جنوری (اے پی پی) ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو رافیل نڈال، سوئٹزرلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار راجر فیڈرر، کروشیا کے مارین کلک اور سپین کے باٹیسٹا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔ آسٹریلیا میں جاری میگا ایونٹ میں بدھ کو کھیلے گئے مینز سنگلز ایونٹ کے پہلے رائونڈ میچز میں رافیل نڈال نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان میتھیوایبڈن کو 6-3، 6-2 اور 6-2 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی۔ سوئس سٹار راجر فیڈرر نے انگلینڈ کے ڈان ایونز کو سخت مقابلے کے بعد 7-6(7-5)، 7-6(7-3) اور 6-3 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، کروشیا کے مارین کلک نے امریکا کے مک ڈونلڈ کو سخت مقابلے کے بعد 7-5، 6-7(9-11)، 6-4 اور 6-4 سے شکست دیکر میگا ایونٹ کے دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ ایک اور میچ میں سپین کے باٹیسٹا نے میزبان جان ملمین کو انتہائی سخت مقابلے کے بعد شکست دیکر دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ دیگر کھیلے گئے میچز میں فابیو فوگنینی، لیونارڈو میئر، ایوشکا، کارلووچ، ہریسن، ڈینل مدودوف، بورنا کورک، ہیون چنگ، جائلز سیمن اور الیگزینڈر زیوریف اپنے اپنے حریفوں کو ہرا کر دوسرے رائونڈ میں داخل ہو گئے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk