میلبورن۔ 29 دسمبر (اے پی پی) آسٹریلیا نے میلبورن ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو 247 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، کیوی ٹیم 488 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 240 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، ٹام بلنڈیل نے 121 رنز کی اننگز کھیلی، نیتھن لائن نے 4 اور جیمز پیٹنسن نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، تراوس ہیڈ کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ اتوار کو میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے 488 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز شروع کی تو اسے پہلا نقصان 32 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب ٹام لیتھم 8 رنز بناکر جیمز پیٹنسن کا نشانہ بن گئے، اپنے اگلے ہی اوور میں جیمز پیٹنسن نے کپتان کین ولیمسن اور سنیئر بلے باز روس ٹیلر کو آﺅٹ کرکے نیوزی لینڈ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، 89 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب ہینری نکولس 33 رنز بنانے کے بعد نیتھن لائن کی گیند پر سٹمپ ہوگئے، بی جے واٹلنگ کو بھی نیتھن لائن نے 22 کے انفرادی سکور پر پویلین واپس بھیج دیا، اس کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 240 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اوپنر ٹام بلنڈیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 121 رنز بنائے، نیتھن لائن نے چار، جیمز پیٹنسن نے تین اور مارنس لابوشین نے ایک وکٹ حاصل کی، تراوس ہیڈ کو پہلی اننگز میں سنچری بنانے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here