آسٹریلیا نے سری لنکا کو شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا

کینبرا ۔ 04 فروری (اے پی پی) مچل سٹارک کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت آسٹریلیا نے سری لنکا کو دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 366 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔ میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا، کینگروز بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث سری لنکن ٹیم کینگروز کی طرف سے ملنے والے 516 رنز ہدف کے تعاقب میں 149 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ سری لنکن ٹیم آسٹریلین بائولرز کے سامنے ریت کی دیورار ثابت ہوئی اور خزاں رساں پتوں کی طرح پویلین لوٹتی چلی گئی اور پوری ٹیم 149 رنز بناسکی، آئی لینڈرز کے 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے۔ مینڈس 42 تھریمانے 30 رنز بناسکے، آسٹریلیا کی طرف سے مچل سٹارک نے انتہائی شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں 10 وکٹیں لیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، پیٹ کمنز کو عمدہ بائولنگ پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ منگل کو کینبرا میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکن ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز بغیر کسی نقصان کے 17 رنز پر دوبارہ شروع کی تو کرونارتنے 8 اور تھریمانے 8 رنز پر کھیل رہے تھے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk