آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ (کل) کھیلا جائیگا

برسبین ۔ 19 نومبر (اے پی پی) عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) برسبین میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ بھارتی ٹیم اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوران تین ٹی 20 میچز، چار ٹیسٹ میچز اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز میں شرکت کریگی۔ بھارتی ٹیم حالیہ ہوم ٹور پر آئی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو ٹی 20، ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں شکست دیکر بھر پور فارم میں ہے جبکہ کینگروز ٹیم آﺅٹ فارم جا رہی ہے۔ کینگروز کو حالیہ ہوم ٹور پر آئی پروٹیز نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ واحد ٹی ٹونٹی میچ بھی پروٹیز نے میزبان ٹیم سے جیتا تھا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk