آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں

اینٹیگوا ۔ 23 نومبر (اے پی پی) آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔ آسٹریلیا نے ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو 71 رنز سے شکست دیکر میگا کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ الیسا ہیلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم 143 رنز ہدف کے تعاقب میں 71 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ آسٹریلوی باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت میزبان ٹیم کی 10 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔ میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk