آخری ٹیسٹ، انگلش بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت ویسٹ انڈین ٹیم انگلینڈ کی اننگز کے سکور 277 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی

سینٹ لوشیا ۔ 11 فروری (اے پی پی) انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی، انگلش بائولرز کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت میزبان ٹیم انگلینڈ کی اننگز کے سکور 277 رنز کے جواب میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 277 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔ بین سٹوکس 79 اور بٹلر 67 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، کیمارئوچ نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مارک ووڈ اور معین علی کی تباہ کن بائولنگ کے باعث میزبان ٹیم لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 154 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، کیمپ بیل نے 41 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم کا کوئی بھی بلے باز انگلش بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکا اور اس کے 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے۔ انگلینڈ نے میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 19 رنز بناکر میزبان ٹیم کے خلاف میچ میں مجموعی طور پر 142 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ میچ کا دوسرا روز بائولرز کے نام رہا اور 16 کھلاڑیوں نے پویلین کی راہ دیکھی۔ برنز 10 اور جیننگ 8 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk