آئی سی سی کی عوام سے انڈر کور ڈوکیومنٹری میں دکھائے گئے مبینہ میچ فکسر کی نشاندہی کرنے میں مدد کی اپیل

دبئی ۔ 28 اگست (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انڈر کور ڈوکیومنٹری میں دکھائے گئے ایک مبینہ میچ فکسر کی نشاندہی کرنے میں مدد کریں۔ الجزیرہ نے یہ ڈوکیومنٹری مئی میں نشر کی تھی اور وہ جلد ہی دوسرا پروگرام نشر کرے گا۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پہلی ڈوکیومنٹری میں دکھائے گئے اس شخص کے علاوہ تمام افراد کی نشاندہی کر لی گئی ہے جس میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کے خلاف الزامات بھی لگائے گئے تھے تاہم دونوں ممالک کے بورڈز نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ الجزیرہ کے تعاون کے بغیر بھی انہوں نے اس حوالے سے تفتیش میں کافی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ادھر الجزیرہ کہہ چکا ہے کہ وہ متعلقہ حکام سے مکمل تعاون کریں گے تاہم وہ ممکنہ قانونی پیچیدگیوں اور ممکنہ مجرمانہ تحقیقات کا بھی خیال کریں گے۔ الجزیرہ کا دعویٰ ہے کہ اس میچ فکسر کا نام انیل منور ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk