آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ

دبئی ۔ 14 جنوری (اے پی پی) جنوبی افریقہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں دو درجے ترقی پا کر انگلینڈ سے دوسری پوزیشن چھین لی، پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ایک درجہ تنزلی پا کر ساتویں نمبر پر چلی گئی، بھارتی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ پیر کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے ختم ہونے کے ساتھ ہی آئی سی سی نے تازہ ترین ٹیموں کی رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بھارتی ٹیم 116 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کر کے دو درجے ترقی کے ساتھ دوسری پوزیشن سنبھال لی، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ایک، ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے اور چوتھے نمبر پر چلی گئیں، آسٹریلوی ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے، شکست خوردہ پاکستانی ٹیم ایک درجہ گر کر چھٹے سے ساتویں نمبر پر چلی گئی اور اس کی جگہ سری لنکا نے چھٹی پوزیشن سنبھال لی۔ ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk