آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ، سری لنکا اور بھارت کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ (کل) کھیلا جائیگا

کولمبو ۔ 18ستمبر (اے پی پی) آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں سری لنکا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) بدھ کو کھیلا جائیگا۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم نے میزبان ٹیم کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔ بھارت ویمن نے سری لنکا ویمن کو پہلے ون ڈے میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں جبکہ دوسرے ون ڈے میں 7 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کی تھی تاہم تیسرے اور آخری میچ میں سری لنکن کرکٹ ٹیم نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 21 ستمبر کو کولمبو میں کھیلا جائیگا، تیسرا میچ 22 ستمبر کو کولمبو میں کھیلا جائیگا، چوتھا میچ 24 ستمبر کو کھیلا جائیگا جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 25 سمتبر کو کھیلا جائیگا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk