آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ (کل) سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگا، میزبان ویسٹ انڈین ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی

گیانا ۔ 8 نومبر (اے پی پی) آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ (کل) جمعہ سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق یہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ٹورنامنٹس کی تاریخ کا پہلا موقع ہو گا کہ صرف ویمنز ایونٹ منعقد ہو گا۔ اس سے قبل مینز اینڈ ویمنز ورلڈکپ ٹورنامنٹس ایک ساتھ منعقد ہوتے تھے۔ ویسٹ انڈیز کو 8 برس بعد میگا ٹورنامنٹ کی میزبانی کا اعزاز ملا ہے۔ ویسٹ انڈیز نے آخری بار 2010ءمیں مینز اینڈ ویمنز ایونٹس کی میزبانی کی تھی۔ مینز ایونٹ میں انگلینڈ اور ویمنز میں آسٹریلیا فاتح رہا تھا۔ میگا ایونٹ کے ابتدائی روز تین میچ کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا کی ویمنز ٹیم سے ہوگا، دوسرے میچ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی، تیسرا میچ میزبان ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائیگا۔ میگا ایونٹ 9 نومبر سے شروع ہوکر 16 دن جاری رہنے کے بعد سے 24 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ ایونٹ کے میچز اینٹیگوا اینڈ باربوڈا، گیانا اور سینٹ لوشیا میں کھیلے جائیں گے۔ میزبان ویسٹ انڈین ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

Reference: http://urdu.app.com.pk